منگل 10 نومبر 2026 - 11:55
درسِ فاطمہ شناسی؛ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے اسمائے مبارکہ اور ان کے اسرار

حوزہ/ ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے مدرسہ جعفریہ تاراگڑھ، اجمیر میں امام جمعہ تاراگڑھ حجۃ الاسلام مولانا نقی مہدی زیدی کے زیرِ اہتمام سلسلہ وار دروسِ ’’فاطمہ شناسی‘‘ جاری ہیں، جن میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت، فضائل، علمی و روحانی مقام اور تاریخِ اسلام میں آپ کے کردار کو مختلف علمی و تاریخی پہلوؤں سے بیان کیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے مدرسہ جعفریہ تاراگڑھ، اجمیر میں امام جمعہ تاراگڑھ حجۃ الاسلام مولانا نقی مہدی زیدی کے زیرِ اہتمام سلسلہ وار دروسِ ’’فاطمہ شناسی‘‘ جاری ہیں، جن میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت، فضائل، علمی و روحانی مقام اور تاریخِ اسلام میں آپ کے کردار کو مختلف علمی و تاریخی پہلوؤں سے بیان کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے کے ایک درس میں حجۃ الاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے ’’جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے اسمائے مبارکہ اور ان کے اسرار‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم نے اپنے اولیاء کے ناموں کا انتخاب خود فرمایا ہے اور بعض اوقات ان کی ولادت سے کئی سال قبل ہی ان کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ قرآن مجید میں حضرت زکریاؑ کو حضرت یحییٰؑ کی بشارت دیتے ہوئے ارشاد ہوتا ہے: «يَا زَكَرِيَّا إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلَامٍ اسْمُهُ يَحْيَىٰ لَمْ نَجْعَل لَّهُ مِن قَبْلُ سَمِيًّا»۔ اس آیت کے آخری حصے سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت یحییٰؑ کا نام خود منتخب فرمایا۔ اسی طرح حضرت مریمؑ کا نام بھی درحقیقت اللہ تعالیٰ کی جانب سے مقرر کیا گیا، جو فرشتے کے ذریعے حضرت عمرانؑ کی زوجہ کی زبان پر جاری ہوا۔

انہوں نے کہا کہ احادیث میں بھی اولاد کے نام رکھنے کی بہت تاکید کی گئی ہے۔ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ فرماتے ہیں:«سَمُّوا أَوْلَادَكُمْ قَبْلَ أَنْ يُولَدُوا»، یعنی اپنی اولاد کی ولادت سے پہلے ہی ان کے نام رکھو۔ رسول اکرمؐ نے ساقط شدہ بچوں کے نام رکھنے کی تاکید فرمائی، جبکہ امام جعفر صادقؑ نے فرمایا کہ ہمارے یہاں پیدا ہونے والے بچے کا نام محمد رکھا جاتا ہے اور ساتویں دن چاہیں تو تبدیل کر دیں، ورنہ برقرار رہنے دیں۔ امیرالمؤمنینؑ کے مطابق اولاد کا حق ہے کہ والدین اس کا اچھا نام رکھیں، بہترین آداب سکھائیں اور قرآن مجید کی تعلیم دیں۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے معرفتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے دو طریقے بیان کرتے ہوئے کہا کہ پہلا طریقہ آپ کے اسماء اور حسب و نسب کے ذریعے اجمالی معرفت حاصل کرنا ہے۔ امام جعفر صادقؑ نے آپ کو ’’صدیقہ کبریٰ‘‘ قرار دیتے ہوئے فرمایا:«وَعَلَى مَعْرِفَتِهَا دَارَتِ الْقُرُونُ الْأُولَى»۔ اس معرفت کے ذریعے انسان آپ کی عظمت و حرمت کو پہچانتا اور آپ کا احترام کرتا ہے، کیونکہ حضرت فاطمہؑ کا احترام رسول خداؐ کا احترام اور آپ سے محبت، رسول خداؐ سے محبت ہے۔

معرفت کا دوسرا طریقہ آپ کی حقیقتِ ذات، تمام کمالات، فضائل اور مقامات کی معرفت حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس درجے کی معرفت عام انسانوں کے لیے ممکن نہیں، بلکہ اس مقام کو رسول اکرمؐ اور امیرالمؤمنینؑ ہی درک کر سکتے ہیں۔ آپ کے فضائل و کمالات بے شمار ہیں اور جس ذات کے مقامات و مراتب بلند ہوں، اس کی حقیقی معرفت بھی اتنی ہی دشوار ہوتی ہے۔

انہوں نے امام جعفر صادقؑ کی روایت نقل کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حضرت فاطمہؑ کے نو اسماء ہیں: فاطمہ، صدیقہ، مبارکہ، طاہرہ، زکیہ، راضیہ، مرضیہ، محدثہ اور زہراء۔

نامِ فاطمہ کی دس وجوہات

مولانا نقی مہدی زیدی نے روایات کی روشنی میں نامِ فاطمہ کے دس اسرار بیان کیے:

1. امام جعفر صادقؑ کے مطابق فاطمہ کا مطلب ہے ’’شر سے جدا رکھی گئی ذات‘‘۔ اسی روایت میں فرمایا گیا کہ اگر امیرالمؤمنینؑ نہ ہوتے تو حضرت فاطمہؑ کا کوئی ہمسر نہ ہوتا۔

2. رسول اکرمؐ نے فرمایا:«شَقَّ اللَّهُ لَكِ يَا فَاطِمَةُ اسْمًا مِنْ أَسْمَائِهِ»، یعنی اللہ تعالیٰ نے اپنے اسماء میں سے آپ کے لیے نام مشتق فرمایا؛ وہ فاطر ہے اور آپ فاطمہ ہیں۔

3. رسول خداؐ نے فرمایا کہ حضرت فاطمہؑ اور ان کے شیعوں کو جہنم کی آگ سے محفوظ رکھا گیا ہے۔

4. ایک روایت کے مطابق اللہ تعالیٰ نے آپ سے محبت کرنے والوں کو آتشِ جہنم سے دور رکھا ہے۔

5. حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ کی روایت کے مطابق اللہ تعالیٰ نے حضرت فاطمہؑ اور ان کے محبین کو جہنم سے نجات عطا فرمائی ہے۔

6. امام محمد باقرؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم کے ذریعے جہالت سے اور حیض سے پاک و جدا رکھا ہے۔

7. امام جعفر صادقؑ نے سورۂ قدر کی تفسیر میں فرمایا: ’’لیلہ سے مراد فاطمہ اور قدر سے مراد اللہ ہے۔‘‘ جو آپ کی حقیقی معرفت حاصل کر لے، گویا اس نے شبِ قدر کو درک کر لیا۔ آپ کو فاطمہ اس لیے کہا گیا کہ مخلوق آپ کی معرفت سے عاجز ہے۔

8. حضرت ابن عباسؓ نے معاویہ سے بیان کیا کہ حضرت فاطمہؑ اور ان کے شیعوں کو جہنم کی آگ سے جدا رکھا گیا ہے۔ یہ روایت انہوں نے رسول اکرمؐ سے نقل کی۔

9. امام محمد باقرؑ کی روایت کے مطابق قیامت کے دن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا جہنم کے دروازے پر کھڑی ہوں گی اور اپنے محبین کی شفاعت فرمائیں گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی شفاعت قبول فرمائے گا اور آپ کے محبین کو جنت میں داخل ہونے کا حکم دے گا۔

10. ایک روایت کے مطابق آپ کو فاطمہ اس لیے کہا گیا کہ آپ کو دنیا، اس کی لذتوں اور خواہشات سے جدا رکھا گیا۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے اپنے درس میں ان قرآنی آیات اور روایات کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے اسمائے مبارکہ، ان کے معانی اور معرفتِ فاطمہ کی اہمیت کو واضح کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha